ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد کارلو اینسیلوٹی کا برازیلی ٹیم کی شاندار واپسی کا عزم

برازیل کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے اتوار کو پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں ناروے کے ہاتھوں شکست اور ورلڈ کپ سے مایوس کن اخراج کے بعد کہا ہے کہ اس دردناک ہار کو مستقبل کے لئے بطور ایندھن استعمال کیا جانا چاہیے

نیو جرسی۔6جولائی (اے پی پی):برازیل کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے اتوار کو پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں ناروے کے ہاتھوں شکست اور ورلڈ کپ سے مایوس کن اخراج کے بعد کہا ہے کہ اس دردناک ہار کو مستقبل کے لئے بطور ایندھن استعمال کیا جانا چاہیے اور یہ ناکامی ایک نئے سائیکل کا آغاز ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق نیو جرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم میں1-2 سے شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اطالوی کوچ نے کہا کہ اس نتیجے سے ہر کوئی شدید مایوس ہے، ہم نے کوئی غیر معمولی ورلڈ کپ تو نہیں کھیلا لیکن ہماری کارکردگی اچھی تھی اور آج کے میچ میں ہم فتح کے حقدار تھے۔ ارلنگ ہالینڈ کے 2 دیرینہ گولز نے میچ کا پسا پلٹا جبکہ برازیل کے برونو گیماریس پہلے ہاف میں پنالٹی ضائع کر بیٹھے تھے اور آخری لمحات میں نیمار کا گول بھی ٹیم کو نہ بچا سکا۔ برازیل کو چھٹا ورلڈ کپ جتوانے کے مشن پر مامور اینسیلوٹی نے عہدے سے مستعفی ہونے کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا معاہدہ 2030 کے ورلڈ کپ تک ہے اور وہ ٹیم کو بہتر بنانے کے لئے سخت محنت جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ اس شکست کے بعد برازیل کا ورلڈ کپ جیتنے کا انتظار 25 سال سے زائد طویل ہو گیا ہے جبکہ 1990 میں ارجنٹائن کے ہاتھوں ہار کے بعد راؤنڈ آف 16 میں برازیل کا یہ اب تک کا بدترین انجام ہے۔