سی ٹی او لاہور کی ٹریفک افسران کو بارش کے پیش نظر ڈویژن اور سرکلز کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بارش کے پیش نظر تمام ٹریفک افسران کو اپنے ڈویژنوں اور سرکلز کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بارش کے پیش نظر تمام ٹریفک افسران کو اپنے ڈویژنوں اور سرکلز کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔سی ٹی او لاہور نے کینال روڈ کے تمام انڈر پاسز پر اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران شہر میں کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونے دی جائے گی جبکہ ٹریفک افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہریوں کی کال موصول ہونے پر فوری مدد فراہم کریں۔