میکسیکو کو ہرا کر انگلینڈ کوارٹر فائنل میں، تھامس ٹوخل کھلاڑیوں کے جذبے پر فخر سے نہال
میکسیکو کو ہرا کر انگلینڈ کوارٹر فائنل میں، تھامس ٹوخل کھلاڑیوں کے جذبے پر فخر سے نہال

مزید خبریں
میکسیکو سٹی۔6جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے میں میزبان میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر اپنی ٹیم کی بھرپور تعریف کی ہے۔ شنہوا کے مطابق میکسیکو سٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں جوڈ بیلنگہم کے پہلے ہاف میں شاندار 2 گولز کی بدولت انگلینڈ مضبوط پوزیشن میں تھا، تاہم جولین کوئنانس کے گول اور دوسرے ہاف کے آغاز میں جیرل کوانسا کو ریڈ کارڈ ملنے سے میچ کا رخ بدل گیا۔
اس کے بعد ہیری کین نے پنالٹی پر گول کر کے انگلینڈ کی برتری کو 1-3 کیا، جبکہ میکسیکو کے راؤل جیمنیز نے بھی پنالٹی پر گول داغ کر مقابلہ 2-3 کر دیا، لیکن انگلش ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے فتح برقرار رکھی اور اگلے مرحلے میں ناروے کے خلاف میچ طے کر لیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے 52 سالہ تھامس ٹوخل کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی مشکل میچ تھا جہاں کھلاڑیوں نے دباؤ کے باوجود ہار نہیں مانی اور ہم 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے ہاتھوں اسی سٹیڈیم میں ملنے والی تاریخی ہار کے دکھ کو بھلا کر آگے بڑھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے جیت کا جشن منانے کے دوران انگلش مڈفیلڈر جوردان ہینڈرسن کی کلائی میں شدید چوٹ لگنے اور ہسپتال منتقل ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ کٹھن حالات میں میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کے بعد اب انگلینڈ کی ٹیم اگلے مرحلے کی تیاری کے لئے پرعزم ہے۔







