خود پر اور ٹیم پر اعتماد رکھا، نتیجہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹائٹل کی صورت میں سامنے آیا،سوفی مولینو

آسٹریلیا کی کپتان سوفی مولینو نے اعتراف کیا ہے کہ کپتانی سنبھالنے کے بعد انہیں اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کے شکوک و شبہات کا سامنا تھا،

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی کپتان سوفی مولینو نے اعتراف کیا ہے کہ کپتانی سنبھالنے کے بعد انہیں اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کے شکوک و شبہات کا سامنا تھا، لیکن انہوں نے خود پر اور اپنی ٹیم پر اعتماد برقرار رکھا، جس کا نتیجہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹائٹل کی صورت میں سامنے آیا۔آئی سی سی ترجمان کے مطابق 28 سالہ آل رائونڈر کو 2026 کے آغاز میں ایلیسا ہیلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، تاہم کپتانی سنبھالتے ہی کمر کی انجری کے باعث وہ بھارت کے خلاف ملٹی فارمیٹ سیریز کے آخری میچز اور بعد ازاں ویسٹ انڈیز کے دورے کے کچھ مقابلوں سے باہر ہو گئیں۔

انجری کے باعث سلیکٹر شان فلیگلر نے یہاں تک کہا تھا کہ کپتانی کے فیصلے پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے، لیکن مولینو نے بھرپور واپسی کرتے ہوئے نہ صرف بطور کپتان بلکہ بطور بالر بھی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔لارڈز میں تقریبا 30 ہزار تماشائیوں کے سامنے فائنل جیتنے کے بعد مولینو نے میڈیاگفتگو میں کہا کہ یہ ان کی زندگی کا یادگار ترین دن ہے۔کپتانی کے آغاز میں وہ خود کو غیر یقینی صورتحال میں محسوس کر رہی تھیں، انجری نے انہیں مزید مایوس کیا اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں لگا کہ شاید یہ ذمہ داری ان کے لیے کامیاب ثابت نہ ہو۔ تاہم انہوں نے خود پر یقین رکھا اور ٹیم کے بھرپور تعاون نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔