کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس میں صرافہ بازار اور شہر کو درپیش عمومی مسائل کے حل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
کمشنر سرگودھا ڈویژن کی زیرِ صدارت صرافہ بازار اور شہر کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
سرگودھا۔ 06 جولائی (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس میں صرافہ بازار اور شہر کو درپیش عمومی مسائل کے حل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال مخدوم، متعلقہ محکموں کے افسران،صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسرقیوم، تاجروں کے نمائندوں اور صرافہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں صرافہ بازار کی بیوٹیفکیشن کا مجوزہ منصوبہ، صفائی کی موجودہ صورتحال، پارکنگ، تجاوزات، سکیورٹی، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تاجروں نے اپنے مسائل اور تجاویز سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے مسائل کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ صرافہ بازار اور شہر کے دیگر علاقوں میں شہری سہولیات کی بہتری، صفائی، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں اور تاجر برادری کو بہتر ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مختلف مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ٹائم لائن کے ساتھ ضروری ہدایات بھی جاری کی۔







