پرتگال کے 41 سالہ کپتان اور دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا خواب پری کوارٹر فائنل میچ میں سپین کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1سے ملنے والی ہار کے بعد ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے، جس پر وہ میدان میں آنسو بہاتے نظر آئے
کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور، الوداعی میچ کے بعد سٹار فٹبالر آبدیدہ

مزید خبریں
ٹیکساس۔7جولائی (اے پی پی):پرتگال کے 41 سالہ کپتان اور دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا خواب پری کوارٹر فائنل میچ میں سپین کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1سے ملنے والی ہار کے بعد ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے، جس پر وہ میدان میں آنسو بہاتے نظر آئے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق امریکا ،ٹیکساس میں کھیلے گئے ٹاپ 16راؤنڈ کے اس اہم میچ میں رونالڈو حریف دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے اور پرتگالی حملوں کو فیصلہ کن شکل نہ دے سکے۔ اپنے شاندار کیریئر میں لاتعداد کلب ٹرافیاں اور 2016 کا یورپی چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنے والے کرسٹیانورونالڈو کے سجا سجایا کیبنٹ میں اب کبھی ورلڈ کپ کا میڈل نہیں سج سکے گا۔ میچ کے بعد انتہائی مایوسی کے عالم میں گفتگو کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ فٹبال میں کبھی جیت اور کبھی ہار ہوتی ہے، وہ مطمئن ضمیر کے ساتھ ورلڈ کپ سٹیج سے رخصت ہو رہے ہیں کیونکہ ان کے لئے 2016 کا یورو کپ جیتنا بھی ورلڈ کپ جتنا ہی اہم تھا۔کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے اس آخری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 3 گول سکور کیے جن میں ازبکستان کے خلاف دو گول اور کروشیا کے خلاف پنالٹی پر کیا گیا گول شامل ہے، تاہم وہ سپین کے خلاف میچ میں کوئی جادو نہ جگا سکے۔ پانچ بار بیلن ڈی اور کا ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو حالیہ برسوں میں اپنی روایتی رفتار کھو چکے تھے جس کی وجہ سے وہ ونگز چھوڑ کر سینٹر فارورڈ کے طور پر کھیل رہے تھے اور ان پر کیریئر کو ضرورت سے زیادہ طول دینے پر تنقید کا سامنا بھی تھا۔ میچ کے اختتام پر فٹبال کی تاریخ کا یہ پہلا ارب پتی کھلاڑی اور انسٹاگرام پر 671 ملین فالوورز رکھنے والا سپر سٹار اکیلا اور رنجیدہ حالت میں میدان سے باہر روانہ ہوا۔








