چین نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے
انسانی حقوق کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے، چین

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔7جولائی (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے۔ سی جی ٹی این کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے سن لے نے جنرل اسمبلی کی جانب سے انسانی حقوق کونسل کی حیثیت کے حوالے سے قرارداد کے مسودے کی منظوری کے بعد وضاحتی بیان میں کہا کہ کسی ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ دوسرے ممالک کے معیار کی بنیاد پر نہیں لیا جا سکتا، نہ ہی دوہرے معیار کو اپنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی حقوق کو بعض ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے سیاسی ہتھیار بنانا اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو دباؤ ڈالنے اور محاذ آرائی کے لئے استعمال کرنا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ چین جنرل اسمبلی کی جانب سے اتفاق رائے سے "انسانی حقوق کونسل کی حیثیت” سے متعلق قرارداد کے مسودے کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔سن لے نے نشاندہی کی کہ انسانی حقوق ایک تاریخی، مخصوص اور عملی تصور ہے، اسے مختلف ممالک کے سماجی و سیاسی حالات اور تاریخی و ثقافتی روایات سے الگ کرکے محض نظریاتی بحث کا موضوع نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق سے متعلق عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں اور عالمی انسانی حقوق کے نظام کو مزید منصفانہ، مساوی، معقول اور جامع سمت میں ترقی دینے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔








