وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں
ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں،وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں،سمیڈا نوجوانوں اور ویمن انٹرپرینیورزکو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں سمیڈا کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ایز کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایزکی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے بالخصوص کسانوں کی اجناس و پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے انہیں آگاہی اور قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سہولت دی جائے،کمرشل بینکوں کی چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے،چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فزیبلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں،سمیڈا نوجوان بشمول ویمن انٹرپرینیورزکو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔وزیر اعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی کیلئے سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کیلئے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی، اس کے ساتھ ساتھ 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالی ضابطوں اور کاروبار کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی۔ اجلاس میں سمیڈا کے تحت مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی








