آل پاکستان کنگ آف رنگ 3 باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر، بلوچستان پہلی اور خیبر پختونخوا دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

آل پاکستان کنگ آف رنگ 3 باکسنگ چیمپئن شپ اپنی تمام تر رونقیں اور رحنائیاں سمیٹنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی

ایبٹ آباد۔ 6 جولائی (اے پی پی):آل پاکستان کنگ آف رنگ 3 باکسنگ چیمپئن شپ اپنی تمام تر رونقیں اور رحنائیاں سمیٹنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی۔ مجموعی طور پر بلوچستان نے پہلی، خیبر پختونخوا نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی جبکہ سندھ چوتھے نمبر پر رہا۔ دو روزہ مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کیا۔ ایونٹ میں ملک بھر سے 150 مرد و خواتین کک باکسرز نے حصہ لیا۔ ابتدائی روز مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے، کامیاب باکسرز میں مشتاق احمد غنی نے میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ دوسرے روز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود، جدون اتحاد کے صدر راشد خان جدون، سابق صدر پریس کلب ایبٹ آباد عامر شہزاد جدون، پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ ایبٹ آباد کی صدر رومش سلیم

پاکستان کنگ فو ہنگار فیڈریشن کے صدر علی خان جدون نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ، چیف آرگنائزر محمد الیاس تنولی اور ارسلان ظفر ایڈووکیٹ نے مہمانوں کو ویلکم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مجموعی طور پر بلوچستان نے 27 گولڈ کے ساتھ پہلی اور وننگ ٹرافی اپنے نام کی۔ خیبر پختونخوا نے دو میڈلز کے فرق سے 25 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ پنجاب نے 21 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ اس موقع پر سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود اور رمیش سلیم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹ مستقل بنیادوں پر منعقد ہونے چاہئیں کیونکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کیلئے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔