وزیر داخلہ سندھ کی کالعدم بی ایل اے کے2 دہشت گردوں کی گرفتاری پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ٹیم کو شاباش

وزیر داخلہ سندھ ضیا ء الحسن لنجار نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم بی ایل اے کے دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کی گرفتاری پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور پوری ٹیم کو شاباش دی

کراچی۔ 07 جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیا ء الحسن لنجار نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم بی ایل اے کے دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کی گرفتاری پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور پوری ٹیم کو شاباش دی۔منگل کو ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق انہوں نے کہاکہ کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے مشترکہ آپریشن میں تعاون پر حساس اداروں کی پیشہ ورانہ معاونت کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت، سندھ پولیس اور حساس ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں سے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کرتے ہوئے پورے دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشت گرد عناصر، سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کا موثر اشتراک قابل تعریف ہے۔