ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل سکالونی نے ورلڈ کپ 2026کے ناک آؤٹ مرحلے میں آرام کے کم وقت اور سخت شیڈول پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں ٹیموں کو ریکوری کے لئے زیادہ وقت ملنا چاہیے
فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کا کٹھن شیڈول کھلاڑیوں کے لئے پریشان کن، ارجنٹائنی کوچ لیونل سکالونی کا شکوہ

مزید خبریں
اٹلانٹا۔8جولائی (اے پی پی):ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل سکالونی نے ورلڈ کپ 2026کے ناک آؤٹ مرحلے میں آرام کے کم وقت اور سخت شیڈول پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں ٹیموں کو ریکوری کے لئے زیادہ وقت ملنا چاہیے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو فائنل تک پہنچنے کے لئے 17 دنوں میں 5 میچز کھیلنے کا چیلنج درپیش ہے، جس سے 39 سالہ سٹار کھلاڑی لیونل میسی پر کارکردگی برقرار رکھنے کا اضافی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ لیونل میسی اب تک ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 7 گول سکور کر چکے ہیں، تاہم کیپ ورڈی کے خلاف راؤنڈ آف 32 کے میچ میں ارجنٹائن کو ایکسٹرا ٹائم تک جانا پڑا تھا، جہاں میامی کی شدید گرمی میں 120 منٹ کھیلنے کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیونل سکالونی کا کہنا تھا کہ میامی کی گرمی میں کھیلنے کے بعد اب انہیں اگلا میچ دوپہر کے وقت کھیلنا پڑ رہا ہے جو کہ کھلاڑیوں کی صحت اور کارکردگی کے لحاظ سے مثالی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین ممالک (امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا) کے 16 شہروں میں پھیلے اس فیفا ورلڈ کپ میں طویل سفر، مختلف ٹائم زونز اور شدید گرمی جیسے عوامل کی وجہ سے چھوٹی ٹیموں کو بڑی ٹیموں کے خلاف سخت مقابلہ کرنے کا موقع مل رہا ہے، جیسا کہ فرانس کو بھی پیراگوئے کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم سکالونی نے تصدیق کی کہ لیونل میسی اگلے میچ کے لئے مکمل فٹ ہیں جبکہ الیکس میک الیسٹر کو جارحانہ پوزیشن دینے کے لئے مڈفیلڈر لینڈرو پریڈیس کو ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔








