وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکا کے ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون بارے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
نیویارک ۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکا کے ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے مؤثر کوآرڈینیشن اور پولیس ٹریننگ کے لیے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے عناصر کی روک تھام کے لیے بھی اشتراکِ کار تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت دونوں ملکوں کے امیگریشن سربراہان فی الفور ایک دوسرے سے رابطہ کریں گے۔دونوں وزرائے داخلہ نے جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس تعاون کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے دونوں وزارتوں کے درمیان ایک ’’جوائنٹ ورکنگ گروپ‘‘ تشکیل دینے اور ویزا سے متعلق درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔







