چیچہ وطنی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے گورنمنٹ حاجی عبد القیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی

چیچہ وطنی۔ 08 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے گورنمنٹ حاجی عبد القیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں ان کی آرا اور مسائل سنے۔ دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ ذیشان مرزا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو صاف اور ٹھنڈے پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، واٹر کولرز ہر وقت فعال رکھے جائیں اور پانی کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز کی حاضری کے لیے نصب بائیو میٹرک سسٹم کا بھی جائزہ لیا اور اس کی فعالیت کو چیک کیا۔ علاوہ ازیں ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ایڈیشنل کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی ہسپتالوں میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی