خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے’’خیبرپختونخوا ہیلتھ پالیسی 2026‘‘ کی منظوری دے دی،نئی ہیلتھ پالیسی کا مقصد ہر شہری کو بلاامتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔
صوبائی حکومت نے نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دے دی،وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے’’خیبرپختونخوا ہیلتھ پالیسی 2026‘‘ کی منظوری دے دی،نئی ہیلتھ پالیسی کا مقصد ہر شہری کو بلاامتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ عوام دوست صحت کا نظام قائم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنا اور عملہ کی تربیت پالیسی کے اہم جزو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں شفافیت اور موثر نگرانی کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی جانچنے کے لیے ڈیجیٹل رپورٹنگ اور مانیٹرنگ کا جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زچہ و بچہ نگہداشت کی سہولیات میں اضافہ پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت صحت کارڈ پلس کو او پی ڈی تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ثانوی اور خصوصی طبی سہولیات کے لیے آئی سی یو، سی سی یو، ٹراما اور برن سینٹرز قائم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کمزور کارکردگی دکھانے والے سرکاری صحت مراکز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا فروغ اور بزرگ شہریوں کے لیے ’’جیریاٹرک میڈیسن‘‘ متعارف کرانا بھی نئی ہیلتھ پالیسی کا حصہ ہے جبکہ بیماریوں کی مانیٹرنگ، صاف پانی، صفائی اور موسمیاتی تبدیلی کو بھی ہیلتھ پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز میں مزید اہم اصلاحات جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ادویات اور ویکسین کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانا بھی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت صحت دشمن مصنوعات پر ٹیکس لگا کر یہ رقم صحت کے منصوبوں پر خرچ کی جاسکے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے موٹر وہیکلز آرڈیننس اور رولز 1965میں ذاتی رجسٹریشن نمبر کے نظام میں ترامیم کی منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ’’پیشہ ورانہ تحفظ و صحت قواعد 2026‘‘ کی بھی منظوری دی،جس کے تحت تمام اداروں میں محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کمپنیاں ملازمین کو حفاظتی آلات فراہم کرنے اور حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد کی پابند ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد ملازمین والے اداروں میں سیفٹی نمائندے اور 100 سے زائد میں سیفٹی افسران تعینات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو انٹرنیشنل کرین فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے کی اجازت دی۔ انٹرنیشنل کرین فاؤنڈیشن سے شراکت داری کا مقصد کرین پرندوں اور ان کے مسکن کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صفوت غیور شہید میموریل ہسپتال پشاور کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے جمرود کمپلیکس میں ایکسائز پولیس سٹیشن قائم کرنے کے لیے اراضی منتقلی کی منظوری دی گئی ہے۔








