دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے پرعزم ہیں ، امن کی بحالی اور ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کا صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملک کی سیاسی وعسکری قیادت مکمل یکسوئی کیساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ،آخری فسادی دہشتگردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی،دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور گزشتہ برس …

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملک کی سیاسی وعسکری قیادت مکمل یکسوئی کیساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ،آخری فسادی دہشتگردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی،دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور گزشتہ برس معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے خائف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں انتہائی افسوسناک دہشت گردی کے واقعات پیش آئے، جن میں پولیس اہلکار، سکیورٹی فورسز کے جوان اور بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائیاں کرتے ہوئے 54 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری فسادی دہشتگرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور یقین رکھتی ہے کہ ان قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی کے اس فتنے میں پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کا بھرپور کردار ہے، جو دہشت گردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گرد خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملے کرتے ہیں، تاہم ریاست ان عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت مکمل یکسوئی کیساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ،دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور گزشتہ برس معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے خائف ہے، اسی لیے وہ مختلف ذرائع سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متحد ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، حکومت بلوچستان اور افواجِ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ ملک کو امن، استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہی قربانیاں پاکستان میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔

 

مزید خبریں