میرپورخاص آرٹس کونسل میں سندھی لینگویج لرننگ سینٹر قائم، ڈاکٹر شیر مہرانی نے افتتاح کردیا

صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کے اعلان اور خصوصی ہدایات پر سندھی لینگویج اتھارٹی نے میرپورخاص آرٹس کونسل میں سندھی لینگویج لرننگ سینٹر قائم کیا جس کا افتتاح سندھی لینگویج بااختیار اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیر مہرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپورخاص فیصل سومرو نے کیا

میرپورخاص ۔ 09 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کے اعلان اور خصوصی ہدایات پر سندھی لینگویج اتھارٹی نے میرپورخاص آرٹس کونسل میں سندھی لینگویج لرننگ سینٹر قائم کیا جس کا افتتاح سندھی لینگویج بااختیار اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیر مہرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپورخاص فیصل سومرو نے کیا۔ تقریب میں معروف ادیب و محقق پروفیسر مخمور بخاری، اردوکے شاعر نوید سروش، پروفیسر مصور چانڈیو، شوکت چاچڑ، مجتبیٰ جوکھیو اساتذہ، طلبہ اور شہر کی علمی، ادبی، صحافتی اور ثقافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سندھی لینگویج اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیر مہرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھی زبان سندھ کی شناخت، تاریخ اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے وژن کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں سندھی زبان سیکھنے کے مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ سندھی زبان سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد معیاری اور منظم انداز میں اپنی زبان سیکھ سکیں۔

ڈاکٹر شیر مہرانی نے کہا کہ میرپورخاص میں قائم کیا جانے والا یہ مرکز سندھی زبان کی ترویج و ترقی اور مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو سندھی سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مراکز کے قیام سے نہ صرف سندھی زبان مضبوط ہوگی بلکہ علمی، ادبی اور ثقافتی رشتے بھی مضبوط ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل سومرو نے سندھی لینگویج اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادری زبان کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ پروفیسر مخمور بخاری اور اردو شاعر نوید سروش نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سندھی لینگویج لرننگ سینٹر کے قیام کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سینٹر سندھی زبان کے فروغ کے لیے ایک موثر ادارہ ثابت ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور سندھی زبان سیکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔

 

مزید خبریں