گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر شاندار خراجِ عقیدت

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح کی جمہوریت

کراچی۔ 09 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح کی جمہوریت، تحریکِ پاکستان اور ملک و قوم کیلئے بے مثال خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ تحریکِ پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے فروغ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت کی بصیرت، استقامت اور بے لوث قومی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے ہر مشکل دور میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقِ رائے دہی کے لیے جرات مندانہ مقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت کی لازوال قربانیاں اور قومی خدمات بالخصوص پاکستانی خواتین کے لیے حوصلے، قیادت اور خدمتِ وطن کا روشن نمونہ ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے افکار اور قائدِ اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایک مضبوط، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

 

مزید خبریں