سٹاک مارکیٹ سرمایہ کاروں کی تعداد میں تاریخی 48 فیصد اضافہ

"مالی سال 2025-26 میں کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی ریکارڈ شمولیت پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور سرمایہ کاری کے فروغ کا مظہر ہے۔”

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں مالی سال 2025-26 کے دوران سرمایہ کاروں کی شمولیت میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں سٹاک مارکیٹ اکاؤنٹس کی تعداد میں 48 فیصد اضافہ ہوا جو ملک کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سالانہ اضافہ ہے۔

جمعرات کے روز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے جاری بیان کےمطابق سٹاک مارکیٹ سرمایہ کاروں کی تعداد یکم جولائی 2025 کو 3 لاکھ 92 ہزار 775 تھی جو 30 جون 2026 تک بڑھ کر 5 لاکھ 83 ہزار 52 ہو گئی۔ مالی سال کے دوران ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار کیپٹل مارکیٹ کا حصہ بنے۔ایس ای سی پی نے کیپٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر اداروں، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (این سی سی پی ایل)، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) اور پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے تعاون سے سرمایہ کاروں کے لئے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانے اور مالی شمولیت کے فروغ کے لئے متعدد اصلاحات متعارف کرائیں۔ان اقدامات میں سہولت اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنا، بینکوں، ڈیجیٹل بینکوں اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل میں غیر ضروری مراحل کا خاتمہ، آئی بی اے این کے ذریعے تصدیق کی سہولت اور 18 سال سے کم عمر افراد کے لئے سرپرست کے ذریعے مائنر ٹریڈنگ اکاؤنٹس کا اجراء شامل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق کراچی نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس میں 25 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ لاہور کا حصہ 16 فیصد، اسلام آباد اور راولپنڈی کا مجموعی حصہ 13 فیصد، فیصل آباد کا 4 فیصد اور ملتان کا حصہ 3 فیصد رہا۔نوجوان سرمایہ کاروں کی شمولیت اس اضافے کا اہم پہلو رہی۔ جنوری سے جون 2026 کے دوران نئے رجسٹرڈ سرمایہ کاروں میں 45 فیصد کی عمر 18 سے 30 سال جبکہ 41 فیصد سرمایہ کاروں کی عمر 31 سے 45 سال کے درمیان تھی، جو نوجوان اور ورکنگ ایج افراد کی سرمایہ کاری میں بڑھتی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ، خاص طور پر نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے منسلک کرنا ایس ای سی پی کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی مارکیٹ اداروں کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دے رہا ہے اور جلد موبائل ایپ کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ عوام کی بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کر کے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ایس ای سی پی کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا اور زیادہ سے زیادہ شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو ملک کی معاشی ترقی میں شامل کرنا ہے۔