فرانس کی ٹیم فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
فرانس کی ٹیم 23ویں فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ، پہلے کوارٹر فائنل میں مراکش کو 0-2 سے شکست

مزید خبریں
بوسٹن۔10جولائی (اے پی پی):فرانس کی ٹیم فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ ای ایس پی این کے مطابق فرانس نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں مراکش کو 0-2 گول سے شکست دے کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا اور میگاایونٹ کے آخری چار میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔فرانس کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان کیلین ایمباپے اور مانسور عثمان ڈیمبیلے نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اداکیا۔امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں فرانسیسی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پر مسلسل حملے کیے، تاہم پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
پہلے ہاف میں فرانس کو اس وقت سنہری موقع ملا جب کیلین ایمباپے کو پنالٹی ملی، لیکن مراکش کے گول کیپر نے شاندار سیو کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے باعث وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں فرانس نے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ 60ویں منٹ میں کپتان کیلین ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو مراکش کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی، جبکہ صرف 6 منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول سکور کرکے فرانس کی برتری 0-2 کر دی۔مراکش کو بھی واپسی کے چند مواقع ملے۔
82ویں منٹ میں فری کک پر فرانسیسی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کیا جبکہ اس کے بعد بھی مراکش کا ایک یقینی گول ضائع ہو گیا۔اس کامیابی کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ مراکش کا شاندار سفر کوارٹر فائنل میں اختتام پذیر ہوا۔میچ میں گول کرنے کے بعد کیلین ایمباپے نے ایک اور تاریخی اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ رواں فیفا ورلڈ کپ میں ان کے گولوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے، جس کے ساتھ وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں 8،8 گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ اس سے قبل انہوں نے قطر میں ہونے والے 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی مجموعی طور پر 8 گول سکور کیے تھے۔








