امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ سے ’’پیدائشی شہریت کے حق‘‘کے کیس کے فیصلہ پر نظرثانی کے لیےرجوع کرنے کے عزم کا اعلان کردیا
امریکی صدر کا سپریم کورٹ سے پیدائشی شہریت کیس کے فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست کر نے کا اعلان

مزید خبریں
واشنگٹن۔10جولائی (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ سے ’’پیدائشی شہریت کے حق‘‘کے کیس کے فیصلہ پر نظرثانی کے لیےرجوع کرنے کے عزم کا اعلان کردیا ۔ العربیہ اردو کے مطابق عدالت نے گزشتہ ماہ امریکی صدر کی اس کوشش کو مسترد کر دیا تھا جس میں وہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے بچوں اور برتھ ٹورازم کے زائرین کو خودکار طور پر شہریت دینے کے عمل کو ختم کرنا چاہتے تھے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے ان کی مدتِ ملازمت کے پہلے دنوں میں دستخط کیا گیا وہ انتظامی حکم، جس کا مقصد غیر قانونی یا عارضی طور پر موجود والدین کے ہاں امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کو خودکار امریکی شہریت دینے کا خاتمہ تھا، امریکی آئین کے منافی ہے۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکا کی جنوبی سرحد اور میکسیکو میں ایسے سائن بورڈز اور اشتہارات پھیلے ہوئے ہیں جو پیدائشی شہریت کی تشہیر کرتے ہیں اور چار ہزار ڈالر سے شروع ہونے والی زچگی کی خدمات پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہے اور کسی نے اس کی توقع نہیں کی تھی۔ امریکی شہریت برائے فروخت نہیں ہے بلکہ یہ ایک جرم ہے اسی لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ غلط ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ سے اس کیس پر فوری نظرثانی کی درخواست کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ کے حتمی فیصلوں پر نظرثانی ایک انتہائی نایاب اقدام ہے کیونکہ عدالتی نظائر بتاتے ہیں کہ آخری بار عدالت نے 1965 میں کسی کیس پر نظرثانی کی منظوری دی تھی اور وہ بھی ایک تکنیکی معاملے کو حل کرنے کے لیے تھی نہ کہ پچھلے فیصلے کو مکمل طور پر کالعدم کرنے کے لیے۔ عدالت نے کسی کیس کے اصل متن پر مبنی اپنے فیصلے کو صرف ایک بار منسوخ کیا ہے اور وہ 1956 میں ریڈ بمقابلہ کوورٹ کیس تھا۔ اس کے بعد اگلے ہی سال وہ اس سے بھی پیچھے ہٹ گئی تھی۔سپریم کورٹ نے 30 جون کو چار کے مقابلے میں پانچ ججوں کی اکثریت سے فیصلہ سنایا تھا جس کے تحت آئین کی چودہویں ترمیم کی بنیاد پر امریکا کے اندر پیدا ہونے والے بچوں کو خودکار امریکی شہریت دینے کا سلسلہ جاری رہے گا چاہے ان کے والدین غیر قانونی یا عارضی طور پر ہی کیوں نہ موجود ہوں۔ فیصلے کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ کانگریس ایک ایسا قانون پاس کر سکتی ہے جو غیر قانونی تارکینِ وطن کے بچوں اور ’’برتھ ٹورازم‘‘ کے زائرین کی شہریت کا خاتمہ کر دے تاہم قانونی ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ مستقبل کے عدالتی چیلنجز سے بچنے کا واحد طریقہ آئین میں ترمیم کرنا ہے۔ اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے اس فیصلے کو "انصاف کا قتل” قرار دیا۔








