مردان ، قتل میں ملوث2ملزمان گرفتار

تھانہ جبر مردان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھریوں کے وار سے قتل میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):تھانہ جبر مردان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھریوں کے وار سے قتل میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔ایس پی انویسٹی گیشن مردان ماریہ مصطفیٰ نے پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کو بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول ملزمان کے ساتھ محنت مزدوری کے سلسلے میں گیا تھا جہاں معمولی تکرار پر بات بڑھ گئی۔ اس دوران ایک ملزم نے مقتول کو قابو میں رکھا جبکہ دوسرے نے چھری کے وار کرکے اسے قتل کر دیا۔ واقعہ کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے ، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ تفتیش پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان حبیب اور عبدالرحمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل (چھری) برآمد کرلیا گیا جبکہ مقدمہ کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ مردان پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔