موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیٹ ویو اور حبس کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے،پی ڈی ایم اے پنجاب

پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیٹ ویو اور حبس کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت ممکنہ متاثرہ اضلاع میں ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیٹ ویو اور حبس کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت ممکنہ متاثرہ اضلاع میں ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاونٹرز اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،تھل چولستان اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گرمی اور حبس کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ صاف پانی فلٹریشن پلانٹس اور واٹر باوزرز اور ٹوبہ جات میں بھی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر زیادہ گرمی اور حبس والے اضلاع میں سموگ گنز پہنچا دی گئیں ہیں،جولائی میں گرمی و حبس کی لہر برقرار رہنے کی پیشنگوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کنٹرول رومز کے ذریعے مانیٹرنگ جاری ہے،گرمی و حبس کی لہر کے پیش نظر تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور ضلعی انتظامیہ ہیٹ سٹروک کے مریضوں کے لیے او آر ایس، ٹھنڈا پانی اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائے۔ محکمہ موسمیات ریسکیو لائیو اینڈ سٹاک لوکل ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں،شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی کے لئے موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے،عوام سے اپیل ہے کہ 10 تا4 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر گھر سے نہ نکلیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔