صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں محکمہ کے زیر اہتمام جاری عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان منصوبوں میں کوالٹی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران موقع پر خود جاکر کام کی نگرانی کریں تاکہ یہ منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکیں
خیبر پختونخوا میں محکمہ کے زیر اہتمام جاری عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،صوبائی وزیر

مزید خبریں
پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں محکمہ کے زیر اہتمام جاری عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان منصوبوں میں کوالٹی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران موقع پر خود جاکر کام کی نگرانی کریں تاکہ یہ منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں خیبر پختونخوا رورل روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور خیبر پختونخوا امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب، رکن قومی اسمبلی شندانہ گلزار، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر سیاحت ملک عادل، رکن صوبائی اسمبلی شرافت خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد ضیاء الحق، ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نور الامین، چیف انجینئر فارن فنڈ، چیف انجینئر ویسٹ، و دیگر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری اور مجوزہ سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور توسیعی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ان منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے مؤثر استعمال، بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر شفافیت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، بروقت فنڈز کی فراہمی اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے عوامی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ شرکا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ہر مرحلے پر شفافیت، جوابدہی اور معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔








