پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ اور نوجوان فائٹرز کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے ’کنٹینڈر سیریز‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
مکسڈ مارشل آرٹ فیڈریشن کی جانب سے ملکی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر لانے کے لیے ’کنٹینڈر سیریز‘ کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے فروغ اور ملکی ایتھلیٹس کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے ’کنٹینڈر سیریز‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ’ایکٹیوٹ‘ اور ڈاکٹر رضوان آفتاب کے تعاون سے شروع ہونے والا یہ ہائی پرفارمنس پلیٹ فارم مقامی مقابلوں اور عالمی سطح کی شدت کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس ایک روزہ ایونٹ میں پاکستان کے 12 بہترین آئی ایم ایم اے ایف ایتھلیٹس اور ابھرتے ہوئے فائٹرز مدمقابل ہوں گے۔ یہ کھلاڑی مستقبل میں ایشین اور ورلڈ چیمپئن شپس سمیت ’بریو کامبیٹ فیڈریشن‘ اور ’یو اے ای واریئرز‘ جیسی بین الاقوامی پروفیشنل تنظیموں میں شرکت کی تیاری کر رہے ہیں۔پاکستانی ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بلکہ مستقل بنیادوں پر اعلیٰ سطح کے مقابلے فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ کنٹینڈر سیریز کھلاڑیوں کو وہ دبائو اور ماحول فراہم کرے گی جو انہیں عالمی چیمپئن شپس میں دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔اس ایونٹ کی سب سے بڑی کشش سابق ایشین چیمپئن اور ورلڈ چیمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ شہاب علی کا پروفیشنل ڈیبیو ہے، جنہیں 2025ء میں آئی ایم ایم اے ایف ’فائٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ عمر احمد کے مطابق شہاب علی میں یو ایف سی تک پہنچنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔پاکستان ایم ایم اے نے سکولوں، کالجوں اور جامعات سے لے کر عالمی چیمپئن شپس تک کا ایک منظم اور واضح کیریئر پاتھ وے تیار کیا ہے۔ اس سلسلے کو مزید وسعت دیتے ہوئے فیڈریشن رواں سال ابوظہبی میں ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ میں پہلی بار شرکت کر رہی ہے جہاں سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے صاحبزادے اور ابھرتے ہوئے نوجوان سٹار اورنگزیب احمد (کیٹیگری ڈی) میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔صدر فیڈریشن عمر احمد نے نجی شعبے خصوصاً ’ایکٹیوٹ‘ اور ڈاکٹر رضوان آفتاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں میں پائیدار کامیابی صرف ایونٹس سپانسر کرنے سے نہیں بلکہ ٹیلنٹ کو نکھارنے سے ممکن ہوتی ہے۔ کنٹینڈر سیریز کا آغاز پاکستان کو بین الاقوامی مکسڈ مارشل آرٹس کی دنیا میں ایک معتبر قوت کے طور پر قائم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔








