فورسز کی کامیاب کارروائیاں جوانوں کے حوصلے، قربانی اور وطن سے محبت کی روشن مثال ہیں، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ منگی ڈیم پولیس سٹیشن واقعہ کے بعد فورسز کا کامیاب "آپریشن شعبان”، 75 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ منگی ڈیم پولیس سٹیشن واقعہ کے بعد فورسز کا کامیاب "آپریشن شعبان”، 75 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔

جمعہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں،فورسز کی کامیاب کارروائیاں جوانوں کے حوصلے، قربانی اور وطن سے محبت کی روشن مثال ہیں، سکیورٹی فورسز نے خضدار میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے ثابت کیا کہ پاکستان کے دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،فتنہ الخوارج اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے،پاکستان کا امن، استحکام اور سلامتی ہر قیمت پر محفوظ رہے گی۔

 

مزید خبریں