گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ملائشیا کے قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور ملائشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیاناتا احمد کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور ملائشیا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کراچی۔ 10 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے کراچی میں تعینات ملائشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیاناتا احمد نے گورنر ہائوس میں الوداعی ملاقات کی اورپاکستان اور ملائشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت، ثقافت اور باہمی تعائون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں۔ انہوں نے قونصل جنرل کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاک۔ملائشیا تعلقات کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری، صنعت، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہی شعبوں میں بے پناہ مواقع کا حامل ہے جبکہ تعلیمی تعاون اور طلبہ کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔اس موقع پر قونصل جنرل ہرمن ہردیاناتا احمد نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، خصوصا کراچی میں ان کا قیام ایک یادگار تجربہ رہا اور یہاں کے عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ملاقات کے اختتام پر گورنر سندھ نے قونصل جنرل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا جبکہ دونوں شخصیات کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔