شدید گرمی کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہیٹ ویو کیمپس فعال، عوام کو طبی سہولیات اور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، ترجمان ضلعی انتظامیہ

شدید گرمی کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہیٹ ویو کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو طبی سہولیات، ٹھنڈا پانی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):شدید گرمی کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہیٹ ویو کیمپس فعال، عوام کو طبی سہولیات اور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ ڈی آئی خان تر جمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی ہدایات پر شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضلع میں مختلف مقامات پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ یہ کیمپس امامیہ گیٹ، نزد ڈائیوو اڈہ اور بمقام کوٹلی امام حسین پر مکمل طور پر فعال ہیں۔کیمپس میں ریونیو سٹاف، محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ جبکہ ٹی ایم اے کا عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے،تمام متعلقہ محکمے روزانہ کی بنیاد پر کیمپس کی کارکردگی، فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی خدمت سے متعلق رپورٹس مرتب کر رہے ہیں۔ہیٹ ویو کیمپس میں شہریوں کو شدید گرمی سے بچاؤ، پانی کے مناسب استعمال، دھوپ سے احتیاط، ہیٹ سٹروک کی علامات اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ گرمی سے متاثرہ یا طبی معائنے کے خواہشمند افراد کو فوری طبی سہولیات اور ضروری علاج بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر محمد حامد صدیق روزانہ کی بنیاد پر ان ہیٹ ویو کیمپس کا دورہ کر کے انتظامات، طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور گرمی کی شدت کے پیش نظر تمام کیمپس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔