الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نو تعینات افسران نے تربیتی پروگرام کے دوران انتخابی نظام، جدید الیکشن مینجمنٹ اور ادارہ جاتی امور سے آگاہی کے لیے مختلف اہم اداروں کا مطالعاتی دورہ کیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نو تعینات افسران کا صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سمیت دیگر کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
لاہور۔10جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 نو تعینات افسران نے سہ ماہی تربیتی پروگرام کے تحت دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، سنٹرل پولیس آفس لاہور،جدید الیکشن کنٹرول روم اور پلڈاٹ (PILDAT) کا مطالعاتی دورہ کیا۔
دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شرکا کو انتخابی نظام، انتخابی انتظامات،الیکشن کمیشن کے آئینی و قانونی کردار اور انتخابی عمل سے متعلق مختلف امور پر جامع بریفنگ دی۔انہوں نے افسران کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیئے۔بعد ازاں تربیتی وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور اور جدید الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا،جہاں اے آئی جی آپریشنز سرفراز ورک نے انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات، امن و امان کے قیام، پولیس کی ذمہ داریوں اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے پلڈاٹ کا بھی دورہ کیا،جہاں ادارے کے صدر احمد بلال محبوب نے جمہوریت کے استحکام، انتخابی اصلاحات، شفاف انتخابات اور جمہوری اداروں کے فروغ کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ نگہت صدیق نے تربیتی پروگرام کے انعقاد میں دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب،پنجاب پولیس اور پلڈاٹ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے نو تعینات افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور انتخابی نظام سے متعلق عملی آگاہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔








