آر پی او مردان کا رشکئی اسپیشل اکنامک زون نوشہرہ اور ایس ایس یو پولیس لائن مردان کا دورہ، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ

آر پی او مردان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون اور ایس ایس یو پولیس لائن کے دورے کے دوران سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی، حفاظتی انتظامات اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او) مردان قاسم علی خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون نوشہرہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے وابستہ اہم منصوبوں، غیر ملکی ماہرین اور صنعتی تنصیبات کےلیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر متعلقہ پولیس افسران نے آر پی او مردان کو سکیورٹی پلان، تعینات نفری، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، چیک پوسٹوں، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، گشت کے نظام، ایمرجنسی رسپانس پلان اور دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ آر پی او نے مختلف سکیورٹی پوائنٹس، ناکہ جات اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور الرٹنس کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آر پی او قاسم علی خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ہے جس کی حفاظت خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ماہرین کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، سکیورٹی انتظامات کو ہر وقت مؤثر، مربوط اور جدید تقاضوں کے مطابق برقرار رکھا جائے۔ بعد ازاں، ریجنل پولیس آفیسر نے اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) پولیس لائن مردان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس لائنز کے سکیورٹی اقدامات، اسلحہ و ایمونیشن، کنٹرول روم، بیرکس، ڈیوٹی روسٹر اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے متعلقہ آفسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔