ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 پشاور بریال مختار کی زیرصدارت سٹیشن ہاؤس انچارجز کا اجلاس

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں تمام اسٹیشن ہاؤس انچارجز نے ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی، تیاریوں اور عوام کو بروقت امداد کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار خان کی ہدایت پر ایمرجنسی آفیسر بریال مختار کی زیر صدارت تمام سٹیشن ہاؤس انچارجز کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔

ریسکیو پشاور کے مطابق اجلاس کے دوران تمام سٹیشنز کی کارکردگی، دستیاب وسائل، آپریشنل امور اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایمرجنسی آفیسر بریال مختار نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ سٹیشنز کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی سروسز کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دیں۔