سیکریٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے پہلے بیج میں پاس آئوٹ ہونے والے 285 ریسکیو انٹرنز سے حلف لیا جنہوں نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں اپنی تربیت مکمل کی۔
وزیر اعلیٰ ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے پہلے بیج کی پاسنگ آئوٹ تقریب،ریسکیو انٹرن شپ پروگرام وزیر اعلیٰ کا انقلابی قدم ہے، خواجہ سلمان رفیق

مزید خبریں
لاہور۔10جولائی (اے پی پی):سیکریٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے پہلے بیج میں پاس آئوٹ ہونے والے 285 ریسکیو انٹرنز سے حلف لیا جنہوں نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں اپنی تربیت مکمل کی۔ انہوں نے ریسکیو انٹرن کو بنیادی ریسکیو تربیت کامیابی سے مکمل کرنے اور زندگیاں بچانے والے ایمرجنسی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیو انٹرن اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو ایمرجنسی و حادثات میں احساسِ تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے علاقوں کو حادثات سے بھی محفوظ بنائیں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے پہلے بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی (ریسکیو 1122) لاہور میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری فاریسٹری و وائلڈ لائف قاسم ندیم، سیکریٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز، ڈائریکٹرز، پرونشل مانیٹرنگ آفیسر، سینئرافسران اور پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیو انٹرن اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے زیر تربیت ریسکیور کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت نوجوان پیرا میڈکس کو جدید ایمرجنسی میڈیکل ٹریننگ، بہتر روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے آراستہ کرنا ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے پہلے بیج میں پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیو انٹرن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ایک عالمی معیار کا ادارہ بن چکا ہے جو پاکستان میں 30 سے زائد ممالک کے ایمرجنسی پروفیشنل کی ایکسرسائز کروا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف آٹھ ہفتوں میں ریسکیو انٹرن کو معیاری تربیت فراہم کرنے کے قابل ستائش کارنامہ پر ڈاکٹر رضوان نصیر، اکیڈمی انسٹرکٹرز اور پوری ریسکیو ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی دلچسپی سے ریسکیو 1122کو جدید اربن سرچ اینڈ ریسکیو آلات، خصوصی ریسکیو گاڑیاں، نئی ایمبولینسز، فائر ٹینڈرز، موٹر بوٹس، سکوبا ڈائیونگ آلات، ہائیڈرولک کٹرز اور دیگر جدید وسائل فراہم کیے گئے ہیں،اسی طرح ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے دور دراز کے مریضوں کو بہتر نگہداشت، تحصیل کی سطح تک فائر سروس کی توسیع، تمام موٹرویز پر ریسکیو سروسزکی فراہمی، میت منتقلی سروس، ریسکیو اسٹیشنز کی سولرائزیشن اور جدید آلات کی فراہمی جیسے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو انٹرن شپ پروگرام ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی استعدادکار بڑھانے، خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور سرکاری وسائل کے موثر استعمال کے لیے ایک پائیدار ہیومن ریسورس ماڈل ثابت ہوگا۔ انہوں نے انٹرنز پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے، جسمانی فٹنس، اعلی پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ ایک ریسکیور صرف ایک ملازم نہیں بلکہ انسانیت کا محافظ ہوتا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف قاسم ندیم نے پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کے والد نے ریسکیو 1122 کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا جو آج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک مثالی ادارے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے ریسکیو 1122 کو عوام الناس کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی پر صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کو مبارکباد دی۔انہوں نے ٹریننگ مکمل کرنے والے ریسکیو انٹرنز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور جذبہ خدمت سے ذریعے عوام کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروسز فراہم کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کی نیک نامی اور اعلیٰ روایات کو مزید فروغ دیں گے۔ قبل ازیں پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیو انٹرن نے زندگی بچانے کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 285 ریسکیو انٹرنز نے تربیت مکمل کی۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو انٹرن کو اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔








