ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب نے بائو میٹرک تصدیق کی نظام کا افتتاح کر دیا

ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب نے شفافیت، حاضری کے مؤثر نظام اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بائیو میٹرک تصدیقی نظام کا افتتاح کر دیا۔

ننکانہ صاحب۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈی جی لوکل گورنمنٹ پنجاب بینش فاطمہ ساہی اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے بائیو میٹرک تصدیقی نظام کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی خدمات میں شفافیت، آسانی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈی جی لوکل گورنمنٹ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ضلع ننکانہ صاحب میں سول رجسٹریشن اینڈ وائٹل اسٹیٹسٹکس (CRVS) کے ویب بیسڈ نظام کے ساتھ بائیو میٹرک تصدیقی نظام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، نادرا، انفارمیشن، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء کو بائیو میٹرک تصدیقی نظام کے خدوخال، افادیت اور عوام کو حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رانا عنصر جمیل نے بتایا کہ ضلع ننکانہ صاحب پنجاب میں سول رجسٹریشن اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ میں ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کرتا رہا ہے۔ آف لائن CRMS، آن لائن ویب بیسڈ CRMS، پاک شناخت ایپلی کیشن اور دیگر متعدد اصلاحاتی منصوبوں کی طرح بائیو میٹرک تصدیقی نظام بھی ضلع ننکانہ صاحب میں کامیابی سے نافذ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 5 جون 2026 سے ضلع ننکانہ صاحب کی تمام یونین کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں میں بائیو میٹرک تصدیقی نظام فعال ہے اور اب تک اس نظام کے ذریعے 4,309 سے زائد سول رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ہر سول رجسٹریشن سنٹر پر پچاس سے زائد سرٹیفکیٹس کا اجرا اس نظام کی کامیابی اور مؤثریت کا واضح ثبوت ہے۔اس جدید نظام کے ذریعے درخواست دہندگان کی شناخت بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے یقینی بنائی جاتی ہے جس سے سول رجسٹریشن ریکارڈ کی شفافیت، قانونی حیثیت، درستگی اور قابل اعتماد ہونے میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ جعلی اندراجات، جعلسازی اور دھوکہ دہی کے امکانات کا مؤثر خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی خدمات میں جدت اور آسانیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بائیو میٹرک تصدیقی نظام شہریوں کو محفوظ، شفاف اور بروقت خدمات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا