اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی زیر صدارت اہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت "اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم” کے اجلاس میں منصوبے پر مؤثر عملدرآمد اور مستحق کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

 ننکانہ صاحب۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرصدارت "اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم” کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سکیم پر عملدرآمد، قرعہ اندازی کے نتائج اور کامیاب امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا جس میں 40 مستحق افراد کامیاب قرار پائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بے زمین اور مستحق افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت ہر کامیاب مستحق فرد کو 4 ایکڑ زرعی اراضی 20 سال کے لیے لیز پر دی جائے گی۔ اس اراضی کے عوض صرف 100 روپے فی ایکڑ سالانہ کرایہ وصول کیا جائے گا جبکہ حکومت پنجاب کاشتکاری کے فروغ اور زرعی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ "اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم” وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک انقلابی اور عوام دوست منصوبہ ہے جس کا مقصد بے زمین افراد کو زمین فراہم کرکے انہیں باعزت روزگار کے مواقع دینا اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب چاہتی ہے کہ مستحق خاندان امداد کے بجائے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں اور ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس سکیم پر مکمل شفافیت، میرٹ اور حکومتی پالیسی کے مطابق عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے