بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا اور دہشت گردی ناقابلِ برداشت ہے۔ کوہیار خان ڈومکی

صوبائی وزیر صنعت و تجارت بلوچستان سردار کوہیار خان ڈومکی نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابلِ برداشت ہے، حکومت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

 کوئٹہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان، سردار کوہیار خان ڈومکی نے زیارت، ہنہ اڑک اور بیلہ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

جمعہ کو اپنے بیان میں اپنے میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ بے گناہ شہریوں اور فرض کی ادائیگی کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ، افسوسناک اور ناقابلِ برداشت عمل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، تاہم حکومت، سیکیورٹی ادارے، پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ سردار کوہیار خان ڈومکی نے شہداء کے بلند درجات، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام متحد ہیں اور دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اداروں اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔