ڈپٹی کمشنر پشاور کی زیر صدارت ڈینگی وائرس کے کنٹرول اور بچاؤ حوالے اجلاس

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈینگی وائرس کے مؤثر کنٹرول، انسدادی اقدامات، عوامی آگاہی اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا گیا۔

 پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کی زیر صدارت ڈینگی وائرس کے کنٹرول اور بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبرقومی اسمبلی ارباب شیر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محمد اصغر سورانی، انتظامی افسران، محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں افسران نے ڈینگی وائرس کے تدارک اور حفاظتی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں عمل میں لائیں جائیں اور عوامی آگاہی و رابطہ مہمات بھی چلائی جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں انڈے دیتا ہے، لہٰذا عوام اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، پانی کی ٹینکیوں کو لازمی طور پر ڈھانپ کر رکھیں اور ائیر کولر سمیت کسی بھی برتن میں پانی کھلا نہ چھوڑیں۔ گھروں میں جالی دار دروازے اور کھڑکیاں لگائی جائیں تاکہ مچھر اندر داخل نہ ہو سکے، جبکہ بچوں سمیت تمام افراد کو پورے بازو والے کپڑے پہننے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق پشاور میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے ڈینگی ایکشن پلان 2026 کے مطابق تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ائندہ میٹنگ میں ڈینگی ایکشن پلان 2026 کی روشنی میں تمام ڈیپارٹمنٹ اپنی ذمہ داریوں کے مطابق رپورٹ پیش کریں گے۔ عوام کو ہدایت دی جاتی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ اس موزی مرض سے نجات حاصل کی جا سکے۔