چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد آگاہی، صلاحیتوں میں اضافہ اور بچوں کی بہتر نگہداشت کو فروغ دینا تھا۔
چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملے کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور اور کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کے باہمی اشتراک سے چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملے کے لئے ”بچوں کا تحفظ اور سلامتی” کے عنوان سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس کا مقصد اقوامِ متحدہ کے عالمی معاہدے کی روشنی میں عملے کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور بچوں کو تشدد و استحصال سے پاک ماحول فراہم کرنا تھا۔تقریب میں پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہورزیب وسیم نے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور انہیں بہترین تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی طرح سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر کی واضح ہدایات کے مطابق بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے عملے کی جدید تربیت اور اداروں میں نگرانی کا نظام مزید سخت کرنے پر زور دیا۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”محفوظ بچے، مضبوط مستقبل” کے ہدف کے لئے عملے کی تربیت ناگزیر ہے۔ یہ تربیتی پروگرام صوبہ بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔ ورکشاپ میں سید سلیم عباس اور برہان نے بطور ماسٹر ٹرینرز فرائض سرانجام دیئے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرہیڈ کوارٹر طیب بھٹی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر چلڈرن ہوم اسد سرفراز کھوکھر بھی موجود تھے۔








