نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آئوٹ سورسنگ کیلئے مالیاتی مشیر مقرر کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن (پی سی) بورڈ کا 255 واں اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔
اس موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے پی) کے آپریشنز کی آئوٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (ٹی اے ایس اے) پر دستخط کی منظوری دی گئی۔پرنسپل ترجمان نجکاری کمیشن کے مطابق اجلاس کے دوران پی سی بورڈ نے ایڈوائزری معاہدہ کی شرائط کا جائزہ لیا اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ کی منظوری دی۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اپنی مہارت اور تجربے کی بدولت مسابقت اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس اہم نجکاری کو تیزی سے مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت نجی شعبے کے قابل آپریٹر کو آئوٹ سورس کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ہوائی اڈے کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی، مسافروں کا ہوائی اڈے پر تجربہ بہتر ہو گا اور ہوائی اڈے کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا ۔مزید برآں نجکاری کمیشن بورڈ نے بورڈ کی آڈٹ کمیٹی کی سفارش پر 2025-26 تا 2027-28، تین سالہ مدت کے آڈٹ کے لیے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکائونٹنٹس کی بطور بیرونی آڈیٹرز تقرری کی منظوری بھی دی۔پی سی بورڈ نے حکومت کے نجکاری پروگرام میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے شفافیت اور کارکردگی پر مبنی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔








