وزیراعظم کا قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ ،تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی اقدام سے گریز کریں ، شہباز شریف

وزیراعظم کا قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ ،تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی اقدام سے گریز کریں ، شہباز شریف

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے مابین جمعہ کو ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انتہائی خوشگوار اور پرتپاک ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے حالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔ وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور برگن اسٹاک میں اعلیٰ سطح تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور کے انعقاد تک پہنچنے والی امن کوششوں میں قطر کی مستقل اور غیرمتزلزل حمایت پر امیرِ قطر کا دلی شکریہ ادا کیا ۔

دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ امن کے لیے سفارتی روابط اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا اور امن مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ امیرِ قطر نے وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خطے میں امن کے قیام کے لیے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں قطر کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔