چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں پولیو وائرس کی منتقلی اور پھیلاؤ کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
حکومت کی فوری ترجیح صوبے میں پولیو وائرس کی منتقلی و پھیلاؤ کا مکمل خاتمہ ہے ، چیف سیکرٹری

مزید خبریں
پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں پولیو کے خاتمے اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات (روٹین امیونائزیشن) پروگرام کے تحت اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفد میں گاوی، دی ویکسین الائنس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر کرس الیاس اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ حکومت کی فوری ترجیح صوبے میں پولیو وائرس کی منتقلی و پھیلاؤ کا مکمل خاتمہ ہے جبکہ طویل مدتی مقصد ایسا مضبوط حفاظتی ٹیکہ جات کا نظام قائم کرنا ہے جو صوبے کے ہر بچے تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے اور ہر بچے کی صحت خطرات سے محفوظ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے حکومت خیبر پختونخوا نے امیونائزیشن روڈ میپ پر عمل درآمد شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت مارچ 2027 تک مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح 85 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ میپ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے، کمیونٹی سطح پر خدمات کا دائرہ وسیع کرنے اور ڈیٹا کی بنیاد پر مؤثر نگرانی اور جوابدہی کو ترجیح دی گئی ہے۔اجلاس کو صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر شفیع اللہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں روٹین امیونائزیشن کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح 2022 میں 55 فیصد تھی جو بڑھ کر 2026 میں 71 فیصد ہو چکی ہے۔ اسی طرح حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز کی فعالیت 92 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ ویکسینیشن کی سہولت اب صوبے کی 86 فیصد آبادی تک پہنچ رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے نے روایتی ای پی آئی ایم آئی ایس نظام سے نیشنل الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری پر کامیاب منتقلی مکمل کر لی ہے۔ اس جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہر بچے کے حفاظتی ٹیکوں کا ریکارڈ ہمہ وقت محفوظ کیا جا سکتا ہے، رہ جانے والے اور زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی ممکن ہوتی ہے اور بہتر منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔اجلاس میں نومبر 2026 میں شروع ہونے والی انسداد سرویکل کینسر ویکسینیشن کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا پولیو کے مکمل خاتمے اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس قومی مقصد کے حصول میں تعاون پر تمام ترقیاتی شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔







