وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ مہینوں میں حاصل ہونے والے امن کے ثمرات کے تحفظ کے لیے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کو ہر صورت ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم کا امن کے ثمرات کے تحفظ کیلئے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کو ہر صورت ترجیح دینے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ مہینوں میں بڑی محنت سے حاصل ہونے والے امن کے ثمرات کے تحفظ کے لیے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کو ہر صورت ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔
جمعہ کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے بتایا کہ انکی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ ہم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور اس امر پر زور دیا کہ حالیہ مہینوں میں بڑی محنت سے حاصل ہونے والے امن کے ثمرات کے تحفظ کے لیے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کو ہر صورت ترجیح دی جانی چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک مخلص، دیانت دار اور غیرجانبدار ثالث کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ہم نے صدر پزشکیان کے حالیہ دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔







