وفاقی وزیر قانون نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل ٹاور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ عدالتی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
حکومت جوڈیشل ٹاور منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، وفاقی وزیر قانون

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ لاہور میں جوڈیشل ٹاور کا منصوبہ پاکستان کی عدالتی تاریخ کا ایک منفرد اور تاریخی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے وکلا، سائلین اور عدالتی عملے کو جدید اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔
ہفتہ کے روز لاہور میں جوڈیشل ٹاور کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم، اپنے بعد آنے والوں کیلئے ایک اہم ورثہ چھوڑ کر جائیں گی، انہوں نے وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں صوبائی حکومت نے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وکلا برادری اور منصوبے سے وابستہ تمام حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت جوڈیشل ٹاور منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چیف جسٹس نے اپنے دور میں ججز کی مراعات یا رہائشی سہولیات کے بجائے عدالتی نظام، وکلا اور سائلین کی بہتری کو ترجیح دی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اپنے قانونی کیریئر کا آغاز لاہور سے کیا اور ان کا ویژن عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی خواہش تھی کہ خواتین وکلا کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، جس کے تحت پنجاب میں جدید فی میل بار رومز اور ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ بار کمپلیکس میں تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ جوڈیشل ٹاور میں سیکڑوں گاڑیوں کی پارکنگ سمیت وکلا اور سائلین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پہلو کا خیال رکھا گیا ہے۔








