خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت امن و امان کے قیام اور پولیس نظام کو جدید بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت امن و امان کے قیام، پولیس نظام کو جدید بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،صوبائی وزیر اطلاعات

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت امن و امان کے قیام اور پولیس نظام کو جدید بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے میں امن و امان کے قیام اور پولیسنگ نظام کو جدید بنانے سے متعلق اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی کے نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال پولیس کا بجٹ بڑھا کر 191 ارب روپے کر دیا ہے، دہشت گردی سے نبرد آزما فرنٹ لائن اضلاع میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ضم اضلاع میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور استعداد بڑھانے ( فیز ون اینڈ ٹو) کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں سی ٹی ڈی ریجنل ہیڈکوارٹر کے قیام اور اضلاع تک اسکے نیٹ ورک کی توسیع کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، بجٹ میں پولیس پروکیورمنٹ پلان کے لیے 14.5 ارب روپے مختص کر دیے گئے جس میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود کی خریداری کےلئے 7.7 ارب روپے شامل ہے جبکہ بلٹ پروف گاڑیوں اور اے پی سیز کی خریداری کے لیے 1.8 ارب روپے مختص ہے، مذکورہ فنڈز میں تھرمل کیمرے، ڈرونز اور اینٹی ڈرون سسٹمز،جیمرز اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے بھی 3.562 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی ماہانہ آپریشنل سپورٹ کے لیے بجٹ میں 7.9 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ضلع اپر و لوئر ساؤتھ وزیرستان، اورکزئی اور کرم کے لئے جدید سیف سٹی کے قیام کے لیے 1.78 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، قبائلی اضلاع خیبر، مہمند اور باجوڑ سیف سٹی منصوبوں کے لیے بھی بجٹ میں 1.6 ارب روپے مختص ہیں۔
ڈویژنل ہیڈ کوارٹر مردان، کوہاٹ اور سوات سیف سٹی منصوبوں کے لیے 500 ملین روپے مختص کر دیے گئے، کرک، ٹانک اور مانسہرہ سیف سٹی منصوبوں کے لیے بھی بجٹ میں فنڈز رکھےگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جدید فارنزک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لیے 600 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے،جدید اسلحہ و آلات کی فراہمی کے لئے بجٹ میں 900 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ اور پٹرولنگ کا نظام متعارف کرانے کے لئے ایک ارب روپے لاگت کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں دہشتگردوں کے341 ڈرون حملے اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سے ناکارہ بنائے گئے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبر پختونخوا پولیس میں یو اے وی ڈویژن کا قیام عمل میں لایا گیا، بجٹ میں صوبے میں مزید تھانوں اور پولیس پوسٹوں کی تعمیر کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کریں گے۔








