آئی سی سی ڈیولپمنٹ ایوارڈز کے عالمی فاتحین کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کوننے آئی سی سی ڈیولپمنٹ ایوارڈز 2025 کے عالمی فاتحین کا اعلان کر دیا، جن میں دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ، خواتین کی کرکٹ، شاندار کارکردگی، ڈیجیٹل شمولیت اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایسوسی ایٹ ممبران کو اعزازات سے نوازا گیا۔

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کوننے آئی سی سی ڈیولپمنٹ ایوارڈز 2025 کے عالمی فاتحین کا اعلان کر دیا، جن میں دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ، خواتین کی کرکٹ، شاندار کارکردگی، ڈیجیٹل شمولیت اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایسوسی ایٹ ممبران کو اعزازات سے نوازا گیا۔ عالمی فاتحین کا انتخاب جون میں اعلان کیے گئے علاقائی فاتحین میں سے کیا گیا اور ان کے ناموں کا اعلان آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ ایمرٹس کرکٹ بورڈ کے ترجمان ایماد حمید کے مطابق ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے سب سے زیادہ تین ایوارڈز اپنے نام کیے۔

اسے "میریٹ بونوائے آئی سی سی ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو آف دی ایئر” کا ایوارڈ گرلز انڈر15 اکیڈمی لیگ کے کامیاب انعقاد پر دیا گیا، جس نے نہ صرف کرکٹ بلکہ نوجوان لڑکیوں کو کھیل کے مساوی مواقع فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے "ایمریٹس آئی سی سی فی میل کرکٹ انیشی ایٹو آف دی ایئر” کا ایوارڈ مسلسل دوسرے سال مشترکہ طور پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ترکیے کرکٹ کو دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ2024 کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف پروگراموں کے ذریعے ملک بھر میں لڑکیوں کی کرکٹ کو فروغ دیا گیا، جبکہ ترکیہ میں20 صوبوں کی تین ہزار سے زائد لڑکیوں نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ویک کی تقریبات میں حصہ لیا۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر ویمنز ٹیم پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی ملا۔ متحدہ عرب امارات کی خواتین ٹیم نے ون ڈے اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد زمبابوے کے خلاف اپنی پہلی50 اوورز سیریز2-2 سے برابر کی اور پھر ٹی20 سیریز0-2 سے جیت کر کسی اعلی درجہ رکھنے والی فل ممبر ٹیم کے خلاف بیرون ملک پہلی سیریز فتح حاصل کی۔ مردوں کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کا ایوارڈ فیڈراتزیونے کرکٹ اٹالیانا کو دیا گیا، جس نے اٹلی کو پہلی مرتبہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ2026 کے لیے کوالیفائی کرانے میں کامیابی حاصل کی۔

یورپ کوالیفائر میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر اٹلی نے تاریخی کامیابی اپنے نام کی۔ جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن نے ڈیجیٹل فین انگیجمنٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اس کی منفرد مہم نے سوشل میڈیا پر6 کروڑ 10 لاکھ ویوز حاصل کیے، جن میں98 فیصد ایسے افراد تھے جو پہلے سے فالوورز نہیں تھے، جبکہ ایک ماہ میں9 ہزار سے زیادہ نئے فالوورز بھی شامل ہوئے۔ برازیل کرکٹ فیڈریشن کو "آئی سی سی کرکٹ فار گڈ سوشل امپیکٹ انیشی ایٹو آف دی ایئر” کا ایوارڈ ویمنز یونیورسٹی پروگرام پر دیا گیا، جس کے ذریعے 42 طالبات کو یونیورسٹی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی اور خواتین کی قیادت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

نائیجیریا کرکٹ فیڈریشن نے "آئی سی سی کریئیو کرکٹ فیسٹیول آف دی ایئر ود ریکسونا(The ICC criiio Cricket Festival of the Year with Rexona )کا ایوارڈ اپنے زمفارا اسٹیٹ میں منعقدہ کرکٹ فیسٹیول کے لیے حاصل کیا، جس کا مقصد لڑکیوں کے لیے کھیل اور تعلیم کے مواقع بڑھانا اور خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا تھا۔ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ یہ ایوارڈز دنیا بھر میں آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبران کی غیر معمولی خدمات کو سراہنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے تمام فاتحین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں کرکٹ کے ذریعے نئے مواقع پیدا کرنے، معاشروں کو مضبوط بنانے اور کھیل کو دنیا بھر میں مزید فروغ دینے کی بہترین مثال ہیں۔

 

مزید خبریں