انجری کے باعث ویلز کے کپتان ڈیوی لیک جنوبی افریقاکے خلاف ٹیسٹ سے باہر، جیک مورگن قیادت سنبھالیں گے

ویلز کے کپتان ڈیوی لیک گروئن انجری کے باعث آئندہ ہفتہ کو جنوبی افریقا کے خلاف نیشنز رگبی چیمپئن شپ کے اہم ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ڈربن۔14جولائی (اے پی پی):ویلز کے کپتان ڈیوی لیک گروئن انجری کے باعث آئندہ ہفتہ کو جنوبی افریقا کے خلاف نیشنز رگبی چیمپئن شپ کے اہم ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق ان کی جگہ ریان الیاس کے ابتدائی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ڈیوی لیک گزشتہ میچ میں ارجنٹائن کے خلاف شکست کے دوران زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے، جس کے بعد کپتانی کی ذمہ داری جیک مورگن نے سنبھالی تھی۔ اب توقع ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف بھی مورگن ہی ویلز کی قیادت کریں گے۔ویلز کے ہیڈ کوچ سٹیو ٹینڈی نے گزشتہ سال ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کھیلے گئے تمام 11 ٹیسٹ میچوں میں ڈیوی لیک کو ابتدائی ٹیم میں شامل کیا تھا، تاہم ان کی عدم دستیابی کوچ کے لیے بڑا دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔ریان الیاس 2024 کے سکس نیشنز ٹورنامنٹ میں سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے بعد پہلی بار کسی ٹیسٹ میں ابتدائی ٹیم کا حصہ بننے والے ہیں، جبکہ ایون لائیڈ کو بھی ایک سال سے زائد عرصے بعد بین الاقوامی میدان میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔ اضافی کور کے طور پر ایلیٹ ڈی کو بھی جنوبی افریقا روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔ویلز کو اپنے گزشتہ میچ میں ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کے بعد عالمی درجہ بندی میں 12ویں نمبر پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف آخری مقابلے میں اسے 73-0 کی ریکارڈ شکست ہوئی تھی۔