علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے سماجی فلاحی مشن کے تحت قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کررہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کے دور افتادہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے سماجی فلاحی مشن کے تحت قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کررہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کے دور افتادہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ کوئی بچہ مالی مشکلات یا جغرافیائی رکاوٹوں کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ یہی وژن علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی اور سماجی خدمات کا محور ہے جس کے تحت ملک کے دور دراز علاقوں کے طلبہ تک معیاری تعلیم کی سہولت پہنچائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گزشتہ کئی سال سے ایسے علاقوں کے طلبہ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں۔ قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کرنا اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے جس سے ہزاروں طلبہ کو اپنی تعلیم کا سفر جاری رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ سمسٹر خزاں 2026 کے لیے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلے جاری ہیں۔ وائس چانسلر نے اس امید کا اظہار کیا کہ قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے فروغ، سماجی مساوات اور قومی ترقی کے لیے اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرتی رہے گی تاکہ ملک کا ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکے اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔