پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا مناسب نہیں،اس سے شہدا، ان کے اہل خانہ اور قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،بیرسٹر دانیال چوہدری

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا مناسب نہیں، اس سے شہدا، ان کے اہل خانہ اور پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا مناسب نہیں، اس سے شہدا، ان کے اہل خانہ اور پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایک بیان میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کی قربانیاں حب الوطنی، ایمان، فرض شناسی اور جذبہ ایثار کا مظہر ہیں، انہیں مالی معاوضے سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا بلکہ اس کے پیچھے وطن سے محبت، قومی ذمہ داری اور فرض کی ادائیگی کا جذبہ ہوتا ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاک افواج کے افسران اور جوان روزانہ ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت عظیم رتبہ ہے جو حب الوطنی، ایمان اور جذبہ قربانی سے حاصل ہوتا ہے، اسے کسی مالی مفاد سے جوڑنا شہدا کے عظیم مقام کو کم کرنے کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہل خانہ کی قربانیاں ناقابل تلافی ہیں اور پوری قوم ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں اس لیے ان سے زیادہ ذمہ دارانہ طرز گفتگو کی توقع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی، مسلح افواج اور شہدا سے متعلق بیانات دیتے وقت انتہائی احتیاط برتنی چاہیے تاکہ کسی کے جذبات مجروح نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔