گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر سے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کی ملاقات

گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے گورنر ہائوس لاہور میں نئے تعینات ہونے والے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے ملاقات کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آئی جی پریزن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو قیدیوں کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے گورنر ہائوس لاہور میں نئے تعینات ہونے والے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے ملاقات کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آئی جی پریزن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو قیدیوں کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں سزا کاٹنے والے قیدی بنیادی انسانی حقوق کے مستحق ہیں کیونکہ وہ قیدی مجرم ہونے کے ساتھ ساتھ انسان بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کوسزا کے دوران کی اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف ٹیکنیکل کورسز بھی کرائے جائیں تاکہ رہا ئی کے بعد وہ اپنی روزی کما سکیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جیل کے ماحول کو صاف ستھرا اور پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی صحت کیلئے طبی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جیل میں بدنظمی اور افراتفری پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جیل میں ماحول کو بھی بہتربنایا گیا ہے۔