رواں سال مزید 150 معذور افراد کو مختلف شعبوں میں ہنر مند تربیت فراہم کی جائے گی،رانا ہمیر سنگھ سوڈھو

رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ سوڈھو نے عمرکوٹ میں معذور افراد میں معاونتی آلات کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، بحالی اور بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

عمرکوٹ۔ 14 جولائی (اے پی پی):رکن سندھ اسمبلی (ایم پی اے) رانا ہمیر سنگھ سوڈھو نے غوثیہ گیسٹ ہاؤس عمرکوٹ میں سیو دی لائیوز فاؤنڈیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز وِدھ ڈس ایبلٹیز حکومت سندھ کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ معذور افراد میں معاونتی آلات کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ معذور افراد کو معاشرے کا باوقار، خودمختار اور فعال حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ایسے فلاحی پروگرام ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق پروگراموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور ان کی خصوصی ہدایات اور تعاون سے معذور افراد کی حوصلہ افزائی، بحالی اور بااختیار بنانے کے لیے مختلف منصوبے جاری ہیں۔ تقریب کے دوران ضلع عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے 160 مستحق خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلز، واکرز، بیساکھیاں (کرچز) اور دیگر معاونتی آلات تقسیم کیے گئے تاکہ ان کی روزمرہ زندگی کو مزید آسان، محفوظ اور باوقار بنایا جا سکے، رانا ہمیر سنگھ سوڈھو نے کہا کہ خصوصی افراد کی خدمت صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز وِدھ ڈس ایبلٹیز اور سیو دی لائیوز فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے باہمی تعاون سے معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی مؤثر انداز میں خدمت کی جا سکتی ہے