وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر موثر عمل درآمد اور عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل باشلیٹ ، بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر موثر عمل درآمد اور عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل باشلیٹ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں وزیر اعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے مشیل باشلیٹ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدات پر موثر عمل درآمد اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق میں متوازن پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مشیل باشلیٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی تاریخی اور گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور موثر کاوشوں کی بھی تعریف کی۔








