شہیدوں کی قربانیوں کو تنخواہ یا مراعات سے نہیں تولا جا سکتا،مولانا فضل الرحمان شہدا کے خاندانوں اور عوام سے معافی مانگیں، محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے شہدا سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بیان پر شہدا کے خاندانوں اور عوام سے معافی مانگیں، آج اس وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ سمیت 25 کروڑ عوام دکھی ہیں

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے شہدا سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بیان پر شہدا کے خاندانوں اور عوام سے معافی مانگیں، آج اس وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ سمیت 25 کروڑ عوام دکھی ہیں،شہدا کا تو کوئی مقابلہ یا قیمت نہیں ہوسکتی، اگر سیلری یا ٹیکس کی بات ہے تو میں تین گنا زائد سیلری دینے کے لئے تیار ہوں کوئی لخت جگر شہید ہونے کے لئے بھجوا سکتا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو تنخواہ یا مراعات سے نہیں تولا جا سکتا ، شہدا کی قربانیوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آج بھی ہمارے لیے قابل احترام ہیں تاہم شہدا کے اہلخانہ کے جذبات کا احترام پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ ﷺ‘ کی بنیاد پر قائم ہوا جبکہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں اور قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدااور غازیوں کی قربانیوں کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی، پاک فوج کے شہداپوری قوم کا فخر ہیں اور ان پر انگلی اٹھانا پوری قوم کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ لیکن شہدا کی قربانیوں کو تنخواہ یا ٹیکس سے جوڑنا درست نہیں۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کرنے والوں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی، ان کے بقول دشمن پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے تاہم دہشت گردوں اور پاکستان دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے شہدا نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کی سلامتی اور عوام کا تحفظ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے ، پاک فوج کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی فوج ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد کی ۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو کیونکہ موجودہ حالات قومی اتحاد، یکجہتی اور شہدا کے احترام کے متقاضی ہیں